بھٹکل:25؍ دسمبر(ایس اؤ نیوز )انجمن آرٹس، سائنس ، کامرس کالج اینڈ پی جی سنٹر بھٹکل میں سال 2021-22کا گریجویشن ڈے 25 دسمبر 2022 بروز ارتوار کالج فنکشن ہال میں انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے صدر اڈوکیٹ مزمل قاضیا کی صدارت میں منعقد ہوا۔
تقریب میں مہمان خصوصی کےطورپر بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سکریٹری جنرل اور مجلس اصلاح وتنظیم کے نائب صدر عتیق الرحمن منیری نےطلبا سے خطاب کرتےہوئے کہاکہ آج سے طلبا کی عملی زندگی کی شروعات ہورہی ہے۔ کڑی محنت اور لگن اعلیٰ منزلوں تک لے جائے گی۔ ساتھ ہی اپنے والدین اور اساتذہ کا احترام کریں اور سماجی خدمات میں اپنے آپ کو مشغول رکھنے کی ہدایت دی ۔ اعزازی مہمان کے طورپر بھٹکل مسلم اسوسی ایشن ریاض کے صدر عمار قاضیا نے بھی تعلیم اور طلبا کی زندگی کے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انجمن کے صدر مزمل قاضیا نے اپنے صدارتی خطاب میں طلبا کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے ، مختلف میدانوں میں ماہربننے ، ملک کے عظیم شہری بن کر ملک کی خدمت کرنے کی اپیل کی۔
ایم کام، بی کام، بی اے، بی ایس سی میں زیر تعلیم طلبا و طالبات کو گریجویشن کی اسناد مع انعام سے مہمانوں نے نوازا۔ اس موقع پر گریجویٹ کے زمرے میں احمد فرازکو اور پوسٹ گریجویٹ میں لتا پارشوناتھ جین کو بیسٹ آوٹ گوئنگ اسٹوڈنٹس کے خطاب سے نوازاگیا۔ ڈگری اور پوسٹ گریجویشن کے طلبا نے کالج اور تعلیم کے متعلق اپنے تاثرات کا اظہارکیا۔
تقریب کا آغاز بی کام اول کے متعلم ہشام قاضیا کی تلاوت قرآن سے ہوا تو کالج پرنسپال پروفیسر مشتاق احمد شیخ نے استقبال کیا۔ نائب پرنسپال ہبان شاہ بندری نےمہمانوں کا تعارف پیش کیا۔ اسٹوڈنٹس ویلفئیر آفیسر پروفیسر غانم نے شکریہ اداکیا۔ بی کام فائنل کے متعلم اصباح نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ ڈائس پر رابطہ سوسائٹی کے صدر فاروق مصباح ، کالج فنکشن چیرمن امیش میستا وغیرہ موجود تھے۔